Main Aik Qarz Hon Sir Se Utar De Mujhko,Laga Ke Dao Pe Ik Roz Haar De Mujhko



میں ایک قرض ہوں سر سے اتار دے مجھ کو
لگا کے داؤں پہ اک روز ہار دے مجھ کو
بکھر چکا ہوں غم زندگی کے شانوں پر
اب اپنی زلف کی صورت سنوار دے مجھ کو
ہزار چہرے ابھرتے ہیں مجھ میں تیرے سوا
میں آئنہ ہوں تو گرد و غبار دے مجھ کو
کسی نے ہاتھ بڑھایا ہے دوستی کے لیے
پھر ایک بار خدا اعتبار دے مجھ کو
میں بھوک پیاس کے صحرا میں اب بھی زندہ ہوں
جواہرات کی کرنوں سے مار دے مجھ کو
نظیر باقری

تو اپنے جیسا اچھوتا خیال دے مجھ کو
میں تیرا عکس ہوں اپنا جمال دے مجھ کو
میں ٹوٹ جاؤں گی لیکن نہ جھک سکوں گی کبھی
مجال ہے کسی پیکر میں ڈھال دے مجھ کو
میں اپنے دل سے مٹاؤں گی تیری یاد مگر
تو اپنے ذہن سے پہلے نکال دے مجھ کو
میں سنگ کوہ کی مانند ہوں نہ بکھروں گی
نہ ہو یقیں جو تجھے تو اچھال دے مجھ کو
خوشی خوشی بڑھوں کھو جاؤں تیری ہستی میں
انا کے خوف سے ثانی نکال دے مجھ کو
زرینہ ثانی 

مرا اندازہ غلط ہو تو بتا دے مجھ کو
تجھ پہ الزام سوا ہو تو سزا دے مجھ کو
اس نے آنکھوں میں جگہ دی بھی تو آنسو کی طرح
شاید اک ہلکی سی جنبش بھی گرا دے مجھ کو
تیری نظروں میں محبت بھی ہے اک کھیل تو آ
میں کروں تجھ پہ بھروسہ تو دغا دے مجھ کو
میں اجالا ہوں تو تنویر مجھے اپنی بنا
اور اندھیرا ہوں تو اے شمع مٹا دے مجھ کو
اپنی تقدیر سے ٹکراؤں بدل ڈالوں اسے
اتنی توفیق کبھی میرے خدا دے مجھ کو
کتنی دیر اور رہانسا مجھے رکھے گا خیال
اب رلانا ہے تو پھر صاف رلا دے مجھ کو
پریہ درشی ٹھا کرخیال

Comments

Popular posts from this blog

Mujh Se Meri Umar Ka Khasara Poochtay Hein Ya'ani Log Mujh Se Tumhara Poochtay Hein

Ik Main Pheeki Chaah Naein Peenda Doja Thandi Chaah Naein Peenda

Wo mujh ko dastiyaab bari dair tak raha Main uska intkhaab bari dair tak raha