Kabhi Rasta Nahi Milta Kabhi Mehwer Nahi Milta Zameen Paoun Se Sirki Hai Falak Sar Par Nahi Milta
کبھی رستہ نہیں ملتا کبھی محور نہیں ملتا
زمیں پاوں سے سرکی ہے، فلک سر پر نہیں ملتا
جو محروم بصیرت ہو وہ محروم بصارت ہے
کبھی آنکھیں نہیں کھلتیں ،کبھی منظر نہیں ملتا
تو ملبوسِ نظارہ ہے تو میں نظروں کا جو ہر ہوں
تجھے آنکھوں کی محرومی ، مجھے پیکر نہیں ملتا
ہزاروں خواب ٹوٹے ہیں مگر ایسی نفاست سے
کبھی بھی کوئی ریزہ میرے بستر پر نہیں ملتا
عجب سنسان اور ویران راہوں میں بھٹکتا ہوں
کوئی رہبر تو کیا ملتا ، کوئی رہ پر نہیں ملتا
ہتھیلی پر لکھی ہوتی ہے قسمت پھر بھی دنیا میں
جو قسمت میں لکھا ہو وہ ہتھیلی پر نہیں ملتا
رحمان حفیظ
Comments
Post a Comment