Kitne Afsano Ka Hota Hai Janam Raat Gaye Bol Uthtay Hein Jo Pathar Ke Sanam Raat Gaye
کتنے افسانوں کا ہوتا ہے جَنم رات گئے
بول اُٹھتے ہیں جو پتّھر کے صَنم رات گئے
ٹُوٹ جاتا ہے سِتاروں کا بَھرم رات گئے
جگمگاتے ہیں تِرے نقشِ قَدم رات گئے
کیا بتائیں جو گُزرتی ہے ہمارے دِل پر
یاد آتے ہیں جو اپنوں کے سِتم رات گئے
غرق ہو جاتی ہے جب نِیند میں ساری دُنیا
جاگ اُٹھتے ہیں ادِیبوں کے قَلم رات گئے
روز آتے ہیں صَدا دے کے چَلے جاتے ہیں
دِل کے دروازے پہ کُچھ اہلِ کَرَم رات گئے
روک لیتی ہے تِری یاد سہارا بن کر
ڈگمگاتے ہیں اگر میرے قَدم رات گئے
جِن کی اُمّید میں ہم دِن کو جِیا کرتے ہیں
ٹُوٹ جاتے ہیں وہی قول و قَسَم رات گئے
جِن کی قِسمت میں نہیں دِن کا اُجالا
اُن چراغوں میں جَلا کرتے ہیں ہم رات گئے.
سخن زاد
Comments
Post a Comment