Kis Darja Haseen Tha Mere Mahol Ka Gham Bhi Main Bhool Gaya Aap Ka Andaz Sitam Bhi
کس درجہ حسیں تھا مرے ماحول کا غم بھی
میں بھول گیا آپ کا انداز ستم بھی
الجھے ہوۓ لمحات کے تاریک سفر میں
آۓ ہیں بہت یاد تری زلف کے خم بھی
اک لمحہ تو دم لینے دے آغوش سکوں میں
اے گردش حالات کسی موڑ پہ تھم بھی
پلکوں پہ سجاۓ ہوۓ زخموں کے نگینے
گزریں گے کسی روز ترے شہر سے ہم بھی
کیوں درد کی قندیل جلاۓ کوئی دل میں
حالات کی تلخی تو زیادہ بھی ہے کم بھی
منظر تو ذرا دیکھئے رسوائی فن کا
بکنے لگے بازار میں ارباب قلم بھی
کچھ دیر تو پھوٹا ہے لہو میری جبیں سے
کچھ دیر تو چمکے گا ترا سنگ حرم بھی
اک عمر جسے ذہن نے پوجا ہے بہر طور
محسن وہ ستم کیش ، خدا بھی تھا صنم بھی
Comments
Post a Comment