Ajeeb Husn Hai In Surakh Surakh Gaalon Mein Mai e Do Aatishah Bhar Di Hai Do Piyalon Mein
عجیب حُسن ہے اِن سُرخ سُرخ گالوں میں
مئے دو آتشہ بھر دی ہے دو پیالوں میں
سُنیں جو آپ تو سونا حرام ہو جائے
تمام رات گُزرتی ہے جِن خیالوں میں
اُمید و یاس نے جھگڑے میں ڈال رکھا ہے
نہ جینے والوں میں ہم ہیں نہ مرنے والوں میں
چمن میں گُل بھی حنا بھی مگر نصیب کی بات
کوئی تو سر چڑھے کوئی ہو پائمالوں میں
نسیمِ شمع لحد کو ذرا بچائے ہوئے
یہی ہے ایک غریبوں کے رونے والوں میں
یہاں خزاں کا نہ کھٹکا نہ خوف گلچیں کا
بہار گُل میں رہے یا تمہارے گالوں میں
نہیں ہے لُطف کہ خلوت میں غیر شامل ہو
اُٹھا دو شمع کو یہ بھی ہے جلنے والوں میں
چُبھے گا کیا دِل پر خوں کا راز آنکھوں سے
جو ہو گا شیشے میں آئے گا وہ پیالوں میں
ہزار شُکر کہ ہم نَقص میں ہوئے کامل
جلیلؔ رہ گئی بات اپنی ذی کمالوں میں
جلیلؔ مانک پوری
Jaleel Manik Pori
Comments
Post a Comment