Khana e Khuwab Mein Ta'abeer Ka Imkan Rakha Hijar Ko Sajda Kia Wasal Peh Eman Rakha
خانۂ خواب میں تعبیر کا امکان رکھا
ہجر کو سجدہ کیا، وصل پہ ایمان رکھا
عشق خود سے بھی چھپایا کہ سرہانے اپنے
تیری تصویر نہیں میرؔ کا دیوان رکھا
روح پر حاوی نہ ہونے دی بدن کی خواہش
عکس بے جلوہ رکھا آئینہ حیران رکھا
اپنا اجڑا ہوا دل دیکھ کے شرمندہ ہوں
کس خرابے میں تری یاد کو مہمان رکھا
میں نے رکّھی نہ کسی فیض کی نسبت اس سے
عشق اک بت سے کیا خود کو مسلمان رکھا
وہ امانت ہے مرے حقِ تصرف سے الگ
اس لیے ملتے ہوئے بیچ میں قرآن رکھا
اور کیا اس کے سوا عشق میں سر پھوڑتا میں
خود کو بے چین کیا اس کو پریشان رکھا
ہاتھ وحشت میں بڑھا تھا مرا ساغر کی طرف
دستِ ہاتف نے وہیں لاکے قلمدان رکھا
عارف امام
Arif Imam
Comments
Post a Comment