Wajad Mein Hai Samaan , Mere Hum Raqs Aa, Kaif Taari Rahe , Raqs Jari Rahe Teri Sarshariyun Mein Rachi Raat Sari Rahe Raqs Jari Rahe
وجد میں ہے سماں، میرے ہم رقص آ، کیف طاری رہے، رقص جاری رہے
تیری قربت کی سرشاریوں میں رچی رات ساری رہے رقص جاری رہے
Wajad Mein Hai Samaan , Mere Hum Raqs Aa, Kaif Taari Rahe , Raqs Jari Rahe
Teri Sarshariyun Mein Rachi Raat Sari Rahe Raqs Jari Rahe
بن پیے ہم بہکتے رہیں رات بھر ان کہے لفظ مفہوم پاتے رہیں
تھوڑی مستی چھلکتی رہے آنکھ سے، کچھ خماری رہے، رقص جاری رہے
دورِ پیمانہ چلتا رہے دم بہ دم، نشّہ ٹوٹے نہ ساقی تجھے ہے قسم
میری بے خواب آنکھوں پہ یہ رات کتنی ہی بھاری رہے، رقص جاری رہے
جب بھی چھائے گھٹا من کا پنچھی مِرا، مور جنگل کا جیسے ہو مستی بھرا
جیسے بن میں ہرن، جیسے گلشن میں بادِ بہاری رہے رقص جاری رہے
درد کے سُر پرکیوں تن تھرکنے لگا ہجر نے تیرے بخشا یہ کیا معجزہ
ہے تمنّا، کبھی تیرے غم سے نہ اب رُستگاری رہے، رقص جاری رہے
دل کو مطلوب کیوں کوئی آرام ہو عشق میں زندگی وقفِ ہنگام ہو
تھوڑی بے چینیاں، کچھ جُنوں ہو، ذرا بیقراری رہے، رقص جاری رہے
زخمِ زنجیر حائل نہ ہو، رقص ہو اب کے طوق و سلاسل کی جھنکار پر
چاہے کتنی اذیت ہو، کتنا ہی یہ زخم کاری رہے رقص جاری رہے
یونہی سیراب کرتا رہے تا ابد موجۂ اشک زخموں کے گلگشت کو
یونہی پھولے پھلے، کِشتِ غم کی سدا آبیاری رہے، رقص جاری رہے
تیری بانہوں کا گھیرا ہے میرے لیے اک حصارِ اماں، محورِ جسم و جاں
تُو مسیحا مرا، تن دریدہ رہے، جاں فگاری رہے رقص جاری رہے
نسرین سید
Nasreen Sayed

Comments
Post a Comment