Aap Ko Batana Hai ,Aap Bhool Jaty Hein Roz Yaad Aana Hai , Aap Bhool Jate Hein
آپ کو بتانا ہے، آپ بھول جاتے ہیں
روز یاد آنا ہے آپ بھول جاتے ہیں
Aap Ko Batana Hai ,Aap Bhool Jaty Hein
Roz Yaad Aana Hai , Aap Bhool Jate Hein
سامنے وہ آئیں جب، پاس بیٹھ جائیں تب
کتنا مسکرانا ہے آپ بھول جاتے ہیں
لاش اپنے خوابوں کی، راکھ شب کے پھولوں کی
صبح دم اٹھانا ہے آپ بھول جاتے ہیں
درد کی نمائش سے، پتھروں کی بارش سے
آئینہ بچانا ہے آپ بھول جاتے ہیں
خشک ہوتے لفظوں سے، سرد ہوتے لہجے سے
آپ پر نشانہ ہے آپ بھول جاتے ہیں
دھوپ کے اترتے ہی اور چراغ جلتے ہی
گھر کو لوٹ آنا ہے، آپ بھول جاتے ہیں
کون ہے رفیق اپنا، کون ہے حریف اپنا
کس کو آزمانا ہے، آپ بھول جاتے ہیں
آنسوؤں کی بارش سے اور غموں کی سازش سے
آپ کو بچانا ہے آپ بھول جاتے ہیں
بے سبب تغافل سے، غیر پر عنایت سے
دل نہیں جلانا ہے، آپ بھول جاتے ہیں
آپ کو پتہ تو ہے آپ سے محبت ہے
آپ سے چھپانا ہے، آپ بھول جاتے ہیں
وقت جب کٹھن آئے اور نظر نہ کچھ آئے
حوصلہ بڑھانا ہے آپ بھول جاتے ہیں
روز روز یہ کہنا وقت ہی نہیں ملتا
یہ بھی اک بہانہ ہے، آپ بھول جاتے ہیں
اقرا عنبر
Iqra Anber

Comments
Post a Comment