Kisi Ka Dard Ho , Dil Beqarar Apna Hai Hawa Kahein Ka Ho , Seena Fagar Apna Hai
کسی کا درد ہو، دل بیقرار اپنا ہے
ہوا کہیں کی ہو، سینہ فگار اپنا ہے
Kisi Ka Dard Ho , Dil Beqarar Apna Hai
Hawa Kahein Ka Ho , Seena Fagar Apna Hai
ہو کوئی فصل مگر زخم کھل ہی جاتے ہیں
سدا بہار دلِ داغدار اپنا ہے
بلا سے ہم نہ پیئیں، میکدہ تو گرم ہوا
بقدرِ تشنگی رنجِ خمار اپنا ہے
جو شاد پھرتے تھے کل، آج چھپ کے روتے ہیں
ہزار شکر غمِ پائیدار اپنا ہے
اسی لیے یہاں کچھ لوگ ہم سے جلتے ہیں
کہ جی جلانے میں کیوں اختیار اپنا ہے
نہ تنگ کر دلِ محزوں کو اے غمِ دُنیا
خدائی بھر میں یہی غمگسار اپنا ہے
کہیں ملا تو کسی دن منا ہی لیں گے اُسے
وہ زُود رنج سہی پھر بھی یار اپنا ہے
وہ کوئی اپنے سوا ہو تو اس کا شکوہ کروں
جدائی اپنی ہے اور انتظار اپنا ہے
نہ ڈھونڈ ناصرِ آشفۃ حال کو گھر میں
وہ بوئے گل کی طرح بیقرار اپنا ہے
ناصر کاظمی
Nasir Kazmi

Comments
Post a Comment