Tanhaai Ne Daikha Mujhe Is Tarah Palat Kar Main Toot Gira Khud Peh Kai Tukdon Mein Bat Kar
تنہائی نے دیکھا مجھے اس طرح پلٹ کر
مَیں ٹُوٹ گِرا خُود پہ کئی ٹُکڑوں میں بٹ کر
Tanhaai Ne Daikha Mujhe Is Tarah Palat Kar
Main Toot Gira Khud Peh Kai Tukdon Mein Bat Kar
سینے میں کھنکتا ہے مُسلسل کوئی سکّہ
دیکھوں گا کسی روز یہ کشکول اُلٹ کر
جس وقت سے مَیں ہجر کے تالاب میں اُترا
خُوں چوستی رہتی ہے کوئی جونک چمٹ کر
کیا کیا نظر آتا تھا مجھے دُھول میں تیری
دُھندلا دیا آنکھوں کو تری گرد نے چھٹ کر
اس کوہِ زماں پر ہوں جہاں ربط ہے دُشوار
آتی ہے تری یاد کی آواز بھی کٹ کر
مَیں ایسا قد آور نہیں اُس پر مِرا سایہ
ہنستا ہے مجھی پر کبھی بڑھ کر، کبھی گھٹ کر
دُنیا کہاں جاتی ہے، تری ایسی کی تیسی
ملِتا ہوں مَیں تجھ سے بھی ذرا خُود سے نمٹ کر
سعید شارق
Saeed Shariq

Comments
Post a Comment