Us Shola Kho Ki Tarah Bigadta Nahi Koi



اس شعلہ خو کی طرح بگڑتا نہیں کوئی
تیزی سے اتنی آگ پکڑتا نہیں کوئی

وہ چہرہ تو چمن ہے مگرسانحہ یہ ہے
اس شاخِ لب سے پھول ہی جھڑتا نہیں کوئی

خود کو بڑھا چڑھا کے بتاتے ہیں یار لوگ
حالانکہ اس سے فرق تو پڑتا نہیں کوئی

لوگوں کا کیا ہے آج ملے، کل بچھڑ گئے
غم دو گھڑی بھی مجھ سے بچھڑتا نہیں کوئی

مجبورئ حیات ہے ورنہ زمین پر
خوش ہو کے ایڑیاں تو رگڑتا نہیں کوئی

جس طرح یاد چھوڑ گیا میرے دل میں تو
اس عمدگی سے لعل بھی جڑتا نہیں کوئی

کہتے ہیں لوگ دیکھ کے اس حال میں مجھے
اپنے خلاف جنگ تو لڑتا نہیں کوئی

روحیؔ تجھے بھی لاگ رہی ہے زمانے سے
بے وجہ تو کسی سے بگڑتا نہیں کوئی
روحیؔ کنجاہی


No comments:

Post a Comment

Featured post

Main tumko bhool jaonga lekin yeh shart hai Gulshan mein chal ke phool se khushbo juda karo

Main tumko bhool jaonga lekin yeh shart hai Gulshan mein chal ke phool se khushbo juda karo