Ahd e Pukhta Kia Rindon Ne Yeh Paimany Se Khaak Ho Jaeingy , Niklein Gy Na Maikhany Se
عہد پُختہ کیا رندوں نے یہ پیمانے سے
خاک ہو جائیں گے، نکلیں گے نہ میخانے سے
Ahd e Pukhta Kia Rindon Ne Yeh Paimany Se
Khaak Ho Jaeingy , Niklein Gy Na Maikhany Se
میرے ساقی ہو عطا مجھ کو بھی پیمانے سے
فیض پاتا ہے زمانہ ترے میخانے سے
یک بہ یک اور بھڑک اُٹھتا ہے سمجھانے سے
کوئی کیا بات کرے آپ کے دیوانے سے
رند مِل مِل کے گلے روئے تھے پیمانے سے
جب مری لاش اٹھائی گئی میخانے سے
ہم تو کیا پیتے پلاتے سرِ میخانہ مگر
دل لگی ہوتی رہی پُھول سے، پیمانے سے
مجھ سے پوچھے کوئی ،کیا مجھ پہ جُنوں میں گزری
قیس و فرہاد کے قصے تو ہیں افسانے سے
واعظِ شہر کی توبہ نہ کہیں ٹوٹی ہو
آج ہُو حق کی صدا آتی ہے میخانے سے
كون يہ آگ لگا ديتا ہے معلوم نہيں
روز اٹھتا ہے دھواں سا مرے كاشانے سے
ترکِ ثابت قدمى ایک قيامت ہو گى
اور گِھر جاؤ گے آلام ميں گھبرانے سے
پا ليا آپ كو اقرارِ محبت نہ كريں
بن گئی بات مرى آپ كے شرمانے سے
رِند کے ظرف پہ ساقی کی نظر رہتی ہے
اِسے چُلّو سے پِلا دی، اُسے پیمانے سے
شیخ کے ساتھ یہ رِندوں پہ قیامت ٹوٹی
پینے والے بھی نکالے گئے میخانے سے
اس سے بہتر نہ ملے فرشِ سكينت شايد
ہم پُكاريں گے اُنہيں بيٹھ كے ويرانے سے
بات سُنتے جو نصؔير آپ تو اک بات بھى تھى
بات سُنتے نہيں كيا فائدہ سمجھانے سے
پیر سید نصیر الدین نصؔير شاہ گیلانی
Peer Sayed Naseer ud Deen Naseer Shah Gailani

Comments
Post a Comment