Ye Chand Aur Abr e Rawaan Chalta Rahy Jamaal e Shaam Tehe Asmaan Guzarta Rahy
یہ غزل پروین شاکر صاحبہ نے اپنے بیٹے کے نام لکھی جب طلاق کے بعد بیٹا ان سے جدا ہوا تو انہوں نے اپنے جذبات کا اظہار اس خوبصورت نظم کے ذریعے کیا
تصویر محترمہ پروین شاکر اور ان کے بیٹے مراد کی ہے
یہ چاند اور یہ ابرِ رواں گذرتا رہے
جمالِ شام تہہ آسماں گزرتا رہے
بھرا رہے تری خوشبو سے تیرا صحنِ چمن
بس ایک موسمِ عنبر فشاں گزرتا رہے
سماعتیں ترے لہجے سے پھول چنتی رہیں
دلوں کے ساز پہ تو نغمہ خواں گزرتا رہے
خدا کرے تری آنکھیں ہمیشہ ہنستی رہیں
دیارِ وقت سے تو شادماں گزرتا رہے
میں تجھ کو دیکھ نہ پاؤں تو کچھ ملال نہیں
کہیں بھی ہو' تو ستارہ نشاں گزرتا رہے
میں مانگتی ہوں تری زندگی قیامت تک
ہوا کی طرح سے تو جاوداں گزرتا رہے
مرا ستارہ کہیں ٹوٹ کے بکھر جائے
فلک سے ترا خطِ کہکشاں گزرتا رہے
میں تیری چھاؤں میں کچھ دیر بیٹھ لوں اور پھر
تمام راستہ بے سائباں گزرتا رہے
یہ آگ مجھ کو ہمیشہ کیئے رہے روشن
مرے وجود سے تو شعلہ ساں گزرتا رہے
میں تجھ کو دیکھ سکوں آخری بصارت تک
نظر کے سامنے بس اک سماں گزرتا رہے
ہمارا نام کہیں تو لکھا ہوا ہوگا
مہ ونجوم سے یہ خاکداں گزرتا رہے
میں تیرا ساتھ نہ دے پاؤں پھر بھی تیرا سفر
گلاب و خواب کے ہی درمیاں گزرتا رہے
میں تیرے سینے پہ سر رکھ کے وقت بھول گئی
خیالِ تیزئ عمرِ رواں گزرتا رہے
Comments
Post a Comment