Apni Marzi Se Haarne Ke Bad Lag Gai Chup , Pukarne Ke Bad
اپنی مرضی سے ہارنے کے بعد
لگ گئی چُپ، پکارنے کے بعد
Apni Marzi Se Haarne Ke Bad
Lag Gai Chup , Pukarne Ke Bad
چڑھ گیا تاپ پھر اداسی کا
ایک نشّہ اتارنے کے بعد
کیوں کہانی میں جان پڑتی ہے
میرا کردار مارنے کے بعد
اک بہشتِ بریں کا وعدہ ہے
اک جہنّم گزارنے کے بعد
اب نہیں مل رہی ہوں میں خود کو
اتنے بہروپ دھارنے کے بعد
پھر دعا دی گئی پھلو، پھولو
میرے جذبات مارنے کے بعد
میں نے جیتا یہ اعتبار ترا
اپنا پندار ہارنے کے بعد
کتنی سرشار سی طبیعت ہے
ایک احساں اتارنے کے بعد
کتنا آساں تھا مارنا دل کا
اک توقع کو مارنے کے بعد
آئینہ کیوں چھپا دیا اُس نے
مجھ کو اتنا سنوارنے کے بعد
چل پڑے ہم جہان کو اگلے
پیر تھوڑے پسارنے کے بعد
سامیہ ناز سیمیں
Samia Naz Seemeen

Comments
Post a Comment