Dard Ki Sham Sakhawat Peh Utar Aai Hai Dhoop See Qarya Wehshat Peh Utar Aai Hai
درد کی شام سخاوت پہ اتر آئی ہے
دھوپ سی قریۂ وحشت پہ اتر آئی ہے
Dard Ki Sham Sakhawat Peh Utar Aai Hai
Dhoop See Qarya Wehshat Peh Utar Aai Hai
سرسراتے ہوئے پردے میں عجب گونج سی تھی
میری تنہائی بغاوت پہ اتر آئی ہے
روز طغیانی کی آواز بلاتی تھی اسے
آنکھ دریا میں سکونت پہ اتر آئی ہے
اتنی مدھم تو نہ تھی زرد مناظر کی صدا
ساری بینائی سماعت پہ اتر آئی ہے
جسم جلتا ہے اندھیرے کے کفن میں لپٹا
رات دوزخ کی تمازت پہ اتر آئی ہے
کوئی پیغام سا بھیجا ہے کسی نے شاید
اک اڑن طشتری سی چھت پہ اتر آئی ہے
دل میں دھیمی سی کوئی آنچ دبا رکھی تھی
بجھتے بجھتے بھی قیامت پہ اتر آئی ہے
جیسے تسخیر کیے بیٹھی ہے دونوں عالم
آگہی اپنی عبادت پہ اتر آئی ہے
یاسمن حبیب
Yasman Habeeb

Comments
Post a Comment