Main Ne Yun Dekha Usay Jaise Kabhi Dekha Na Tha Aur Jab Dekha Toh Aankhon Par Yaqeen Aata Na Tha
میں نے یوں دیکھا اسے جیسے کبھی دیکھا نہ تھا
اور جب دیکھا تو آنکھوں پر یقیں آتا نہ تھا
Main Ne Yun Dekha Usay Jaise Kabhi Dekha Na Tha
Aur Jab Dekha Toh Aankhon Par Yaqeen Aata Na Tha
بام و در سے سخت بارش میں بھی اٹھے گا دھواں
یوں بھی ہوتا ہے محبت میں کبھی سوچا نہ تھا
آندھیوں کو روزن زنداں سے ہم دیکھا کیے
دور تک پھیلا ہوا صحرا تھا نقش پا نہ تھا
لوگ لائے ہیں کہاں سے شب کو مرمر کے چراغ
ان چٹانوں میں تو دن کو راستہ پیدا نہ تھا
شہر کی ہنگامہ آرائی میں کھو کر رہ گیا
میں کہ اپنے گھر میں بھی مجھ کو سکوں ملتا نہ تھا
برف اپنے آپ گھل جاتی ہے، سورج ہو، نہ ہو
شام سے پہلے یہ جانا تھا مگر سمجھا نہ تھا
ان دنوں بھی شہر میں سیلاب آتے تھے بہت
وادیوں میں جب کہیں بادل ابھی برسا نہ تھا
رات کی تنہائیوں میں جس سے چونک اٹھے تھے ہم
اپنی ہی آواز تھی شعلہ کوئی چمکا نہ تھا
وہ بھی سچ کہتے ہیں اخترؔ، لوگ بیگانے ہوئے
ہم بھی سچے ہیں کہ دنیا کا چلن ایسا نہ تھا
اخترؔ ہوشیارپوری
Akhtar Hoshyar Pori

Comments
Post a Comment