Zang Khurda Talon Ko Chabian Lagata Main Panion Mein Phirta Hon Seetian Bajata Main
زنگ خوردہ تالوں کو چابیاں لگاتا میں
پانیوں میں پھرتا ہوں سیٹیاں بجاتا میں
Zang Khurda Talon Ko Chabian Lagata Main
Panion Mein Phirta Hon Seetian Bajata Main
آپ سے جدا ہو کر دل کہیں لگاتا میں
بے صلہ رفاقت کا عہد بھول جاتا میں
کاش پھر سے مل جائے، اب بہت سنبھالوں گا
کھو گیا کہیں مجھ سے ہنستا مسکراتا میں
کیا حسین لمحے تھے، اب جو خواب لگتے ہیں
دل میں رقص کرتی وہ گیت گنگناتا میں
جل پری کو چاہت ہے ایک شاہزادے کی
رو پڑا ہوں جانے کیوں داستاں سناتا میں
کیا خبر وہ آ جائے کیا خبر وہ مل جائے
بے وجہ نہیں اب بھی چائے پینے جاتا میں
کاش اس کے بالوں میں تتلیاں پرو سکتا
کاش اس کے ہاتھوں پر مہندیاں لگاتا میں
کاش یوں کیا ہوتا زندگی سنور جاتی
اس کو یاد رکھتا اور خود کو بھول جاتا میں
کون میرا دکھ سمجھے، کون میرا غم جانے
زندگی ہی کھو بیٹھا زندگی بناتا میں
امتیاز انجم
Imtiaz Anjum

Comments
Post a Comment